کینیڈا میں انجینئرنگ ایک باضابطہ پیشہ ہے۔ یعنی اگر آپ کینیڈا میں بطور انجینئر کام کرنا اور خود کو ‘‘انجینئر’’ کہلوانا چاہتے ہیں تو قانوناً آپ کے پاس ایک ریگولیٹری ادارے کی جانب سے جاری کردہ لائسنس ضرور ہونا چاہیے۔ کینیڈا میں، انجینئرز کو لائسنس جاری کرنے کی ذمہ داری صوبائی اور علاقائی ریگولیٹری اداروں (‘‘ریگولیٹرز’’) کے پاس ہے۔

آپ پیشہ ورانہ انجینئرنگ (P.Eng.) لائسنس کے حصول کی درخواست صرف اُسی صوبے یا علاقے کے ریگولیٹر کو دے سکتے ہیں جہاں آپ کام کرنا چاہتے ہیں۔ کسی بھی ریگولیٹر کی شمولیتی پالیسیوں اور اس کے درخواست کے طریقۂ کار سے متعلق اپنے سوالات کے جواب پانے کے لیے، آپ کو اسی ریگولیٹر سے رابطہ کرنا چاہیے۔ (ریگولیٹرز کی فہرست)۔  

انجینئرز کینیڈا نے کینیڈا میں انجینئرنگ کے شعبے میں شمولیت کے حوالے سے انگریزی اور فرانسیسی زبانوں میں عوامی ہدایت نامہ شائع کیا ہے، جس میں P.Eng. میں شمولیت کی شرائط درج ہیں۔

درخواست گزاری کے عمل میں، ریگولیٹرز آپ سے یہ ثبوت طلب کریں گے کہ آپ انجینئرنگ کی تعلیم کے حامل ہیں اور کام کا متعلقہ تجربہ رکھتے ہیں۔ (لائسنس کے لیے درخواست کیسے دی جائے)۔  

کینیڈا میں بطور P.Eng. رجسٹریشن کی شرائط یہ ہیں:

  • تعلیم: آپ انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرچکے ہیں۔
  • کام کا تجربہ: آپ کام کا ایسا نگرانی کا حامل تجربہ رکھتے ہیں جو انجینئرنگ کی معلومات کے استعمال کے لیے آپ کی اہلیت کا عکاس ہے۔
  • زبان: آپ کینیڈا کی دو سرکاری زبانوں میں سے کم از کم ایک زبان میں ابلاغ کی عمدہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ یہ بات یقینی بنائیں کہ آپ اُس صوبے یا علاقے میں استعمال ہونے والی زبان پر عمدہ گرفت رکھتے ہوں جہاں آپ کام کرنا چاہتے ہیں۔
  • عمدہ اوصاف: آپ نے اپنے کردار میں سچائی، دیانتداری اور اعتباریت کا مظاہرہ کیا ہے۔
  • پیشہ ورانہ خصوصیات اور اخلاقیات: آپ کے پاس پیشہ ورانہ عملی مسائل بشمول قانون اور اخلاقیات کا علم ہے۔

آپ کو درج ذیل دستاویزات جمع کروانا ہوں گی:  

  • ایک مکمل شدہ درخواست۔  
  • ڈگریاں، اسناد، ڈپلومے اور مسودے (کورس کی تفصیلات بھی طلب کی جاسکتی ہیں)۔ زیادہ تر ریگولیٹرز کوائف نامے کی تجزیہ کار ایجنسی کی جانب سے کیا گیا کوائف کا ایک مخصوص نوعیت کا تجزیہ طلب کرتے ہیں۔ براہِ کرم خصوصی لوازمات کے بارے میں جاننے کے لیے ریگولیٹر سے رجوع کریں کیونکہ یہ لوازمات امیگریشن کے لیے درکار شرائط سے مختلف ہوسکتے ہیں۔
  • ریگولیٹر کے لیے قابلِ قبول فارمیٹ میں آپ کا انجینئرنگ کے کام کا ایک ریکارڈ۔ آپ کو اس بات کا ثبوت پیش کرنا ہوگا کہ آپ انجینئرنگ کی بنیادی صلاحیتیں رکھتے ہیں۔
  • ریگولیٹر کے مجوزہ فارمیٹ میں، پیشہ ورانہ حوالہ جات۔  

ریگولیٹرز کی ایک شرط یہ بھی ہوگی کہ آپ لائسنس کے حصول سے قبل ایک پیشہ ورانہ عملی امتحان (PPE) پاس کریں۔ یہ امتحان کینیڈا میں پیشہ ورانہ مشق کے بارے میں ہے جو بنیادی طور پر قانون، اخلاقیات اور پیشہ ورانہ خصوصیات پر مبنی ہوتا ہے؛ یہ انجینئرنگ کے حوالے سے تیکنیکی امتحان نہیں ہے۔

یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ P.Eng لائسنس کے حصول کا عمل طویل اور مہنگا ہوسکتا ہے۔ بعض افراد مہینوں، بلکہ سالہا سال کوشش کرتے ہیں لیکن کامیاب پھر بھی نہیں ہوپاتے۔ لہذا، اس حوالے سے تیار رہنا اور حسبِ ضرورت عبوری (یا متبادل) کیریئر آپشنز ذہن میں رکھنا ضروری ہے۔ جب آپ کو کینیڈا کے کسی ریگولیٹر کی جانب سے لائسنس عطا کردیا جائے، تو آپ خود کو انجینئر کہلا سکیں گے اور اپنے لائسنس کی قسم (مثلاً P.Eng.) کے لیے اپنے جملہ حقوق کے ساتھ یہ عنوان استعمال کرسکیں گے۔ لائسنس کے بغیر انجینئرنگ کے عنوان کا استعمال ممنوع ہے۔

کینیڈا میں لائسنس کے حصول کے بارے میں مزید معلومات ویب سائٹ EngineerHere.ca پر دستیاب ہیں۔ یہ سائٹ خاص طور پر کینیڈا میں انجینئر کی حیثیت سے کام کرنے کے بارے میں آپ کو درکار تمام بنیادی معلومات فراہم کرنے کے لیے مرتب کی گئی ہے۔ اس سائٹ پر کینیڈا کی امیگریشن، کینیڈا میں انجینئرنگ کی عملی مشق، اور کینیڈا میں انجینئرنگ کے شعبے میں کام کرنے کے بارے میں معلومات شامل ہیں۔ اس میں اہم مشورے اور سہولیاتی مواد بھی شامل ہیں۔

Related Information

Find your provincial or territorial regulator

To work as a professional engineer in one of Canada's provinces or territories, you must receive a licence from that province or territory's engineering association.